19نومبر کو مینار پاکستان تاریخ ساز اجتماع ہوگا ، لیاقت بلوچ

19نومبر کو مینار پاکستان تاریخ ساز اجتماع ہوگا ، لیاقت بلوچ

  

لاہور( سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اجتماع عام ملک بھر سے محب وطن عوام کا تاریخ ساز اجتماع ہوگا ۔ یہ اجتماع قوم کو مایوسی ،ا نتشار اور انتہا پسندی و عدم برداشت کے اندھیروں سے نجات دلائے گا ۔ اجتماع عام پوری قوم میں شعور بیدار کر کے عوامی طاقت کو متحد کر نے کا لائحہ عمل دے گا۔ پاکستان بھی ترقی یافتہ ، خوشحال ، باوقار اور ہر بیرونی دباﺅ سے آزاد ہو سکتاہے ۔ پورے ملک میں اجتماع عام کی تیاریاں ہور ہی ہیں مرد و خواتین ، طلبہ اور نوجوانوں میں جو ش و جذبہ دیدنی ہے ۔ مینار پاکستان پر لاہور کے عوام ملک بھر سے آئے لاکھوں مندوبین کا والہانہ خیر مقدم کریں گے ۔ لاہور کے گلی کوچوں سے زندہ دلان لاہور نکلیں گے اور اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے جدوجہد کا عہد کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی دینی ، سیاسی ، جمہوری اور عوام کی خدمت کرنے والی جماعت ہے ۔ جماعت اسلامی نے سیاست کو بھی امانت و دیانت ، تہذیب و شرافت ، جرا¿ت و استقامت کو اپنا دینی اور سیاسی کلچر بنایاہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ دنیا میں کمزور کے لیے نہ کوئی مذہب ہوسکتاہے اور نہ کوئی اصول اور ضابطہ ہوسکتاہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان میں بکھرے شیرازے کو متحد کر کے بابرکت اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے جو قرآن و سنت اور پاکستان کے آئین کے ساتھ جڑا ہوگا ۔19نومبر کو مینار پاکستان پر خیموں کی ایک طویل و عریض بستی آباد ہو جائے گی اور 19نومبر کو ہی ملک بھر سے شرکاءکے قافلے مینار پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے ۔

لیاقت بلوچ

مزید :

صفحہ آخر -