بنوں ،آئی ڈی پیز میں راشن تقسیم کے دوران پھر بد نظمی ،لاٹھی چارج سے2افراد زخمی
بنوں(اے این این)بنوں میں آئی ڈی پیز میں راشن تقسیم کے دوران پھر بد نظمی،پولیس نے ڈنڈے بر سا دئیے،2افراد زخمی،اسپورٹس کمپلکس راش سنٹر خالی کروا لیا۔تفصیلات کے مطابق بنوں اسپورٹس کمپلیکس راشن سینٹر میں متاثرین شمالی وزیرستان میں راشن کی تقسیم جاری تھی کہ اچانک تقسیم کے دوران بدنظمی پید اہوگئی، جس پر لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا ، جس میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے متاثرین سے راشن سینٹر خالی کروالیا ۔متاثرین نے پولیس تشدد کے خلاف شدید احتجاج کیا اور صوبائی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔دو روز پہلے بھی متاثرین شمالی وزیرستان میں راشن کی تقسیم کے دوران بدنظمی پیدا ہوگئی تھی، اس موقع پر پولیس اور آئی ڈی پیزکے درمیان ہنگامہ آرائی میں 17 پولیس اہلکار اور 20 آئی ڈی پیز زخمی ہوئے تھے جبکہ سینکڑوں افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی تھیںجس کے بعد گزشتہ روز انتظامیہ بنوں اور مشران آئی ڈی پیز کے درمیان فیصلہ کیا گیا کہ کے راشن سینٹروں پر آئی ڈی پیز خود منظم طریقے سے قطاریں بنائیں گے، تاکہ راشن کے حصول کو بہترین طریقے سے ممکن بنایا جاسکے۔