حکومت بزدلوں پر مشتمل ہے ،جو انتقامی کاروائیوں سے مخالفین کو دبانا چاہتی ہے،شاہ محمود قریشی

حکومت بزدلوں پر مشتمل ہے ،جو انتقامی کاروائیوں سے مخالفین کو دبانا چاہتی ...

  

 اوکاڑہ (آن لائن) تحریک اِنصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے ، جیلیں اور سزائیں ہمارے عزائم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ عمران خان نے عوام میں جو شعور بیدار کردیاہے اَب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔ اِن خیالات کا اِظہاراُنہوں نے تحریک اِنصاف ضلع اوکاڑہ کے رہنما اَظہر محمود چوہدری کے ہمراہ ملنے والے پارٹی کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت بزدلوں پر مشتمل ہے جو اِنتقامی کاروائیاں کرکے مخالفین کو دباؤ میں رکھنا چاہتی ہے لیکن اَب وہ وقت گزر چکاہے ۔ حکومت نے 30 نومبر کی ڈیڈلائن سے گھبراکے ہمارے قائدین کیخلاف ورانٹ گرفتاری کا آرڈر لیاہے وہ کوئی نئی بات نہیں ، ہمیں اِن سے یہی امید تھی جس پر وہ پورا اُترے ہیں اور اِنہوں نے ایک بار پھر ثابت کردیاہے کہ وہ جمہوری رویوں سے مکمل طور پر عاری ہیں ۔ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں اور اَب وہ بوکھلاہٹ کے عالم میں جو ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں وہ ملک میں اِنتشار کا باعث بن سکتے ہیں ۔ اِنشاء اللہ تحریک اِنصاف برسراقتدار آکر ملک میں امتیازی قوانین کا خاتمہ یقینی بنائے گی اور وزیر اعظم سے لے کر عام آدمی تک سب کے لئے اِنصاف برابر کا ہوگا ۔

مزید :

علاقائی -