باغبانپورہ، بااثر افرادکا مزدوروں پر تشدد،کپڑے پھاڑ دیئے

باغبانپورہ، بااثر افرادکا مزدوروں پر تشدد،کپڑے پھاڑ دیئے

  

لاہور(کرائم سیل) باغبانپورہ بااثر افرادکا مزدوروں پر تشدد،کپڑے پھاڑ دیئے،پولیس اہلکار وں نے درخواست درج کرنے سے انکار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقہ محمود بوٹی میں زیر تعمیر مکان میں محمد اسلم اور ریاض مزدوری کر رہے ہیں۔نمائندہ\" پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ جہلم سے لاہورمحنت مزدوری کرنے کے لیے آئے ہیں ۔ مکان میں وہ 2ماہ سے کام کر رہے ہیں ،جمعرات کو مکان کی چھت پر کام کرتے محمد اسلم سے اینٹوں کی پرات ساتھ والے گھر کے صحن میں گر گئی جہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔اینٹوں کے گرنے کی آواز سن کر گھرکے رہائشی امجد اور رفاقت گھر سے باہر نکل آئے اور انہوں نے اسلم سے بدتمیزی شروع کر دی۔جس پر باقی مزدور بھی وہاں جمع ہو گئے اور معامہ کو حل کرنے کی کوشش کی لیکن امجد اور رفاقت نے اسلم پر تشد دشروع کر دیا شور کی آواز سن کر محلہ دار بھی اکٹھے ہو گئے اور انہوں نے بھی اپنے ہمسایوں کا ساتھ دیا اور مزدوری کرنے والے 5مزدوروں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔مستریوں اور زیر تعمیر مکان کے مالک نے معاملہ کو کافی مشکل سے حل کروایا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جب اس معامہ کے حوالے سے قانونی کارروائی کروانے کے لیے ہم تھانہ باغبانپورہ میں گئے تو پولیس اہلکاروں نے ہماری بات سن کر درخواست درج کرنے کی بجائے ہمارا مذاق اڑایا اور درخواست لکھ کر لانے کو کہا اگلے روز جب ہم درخواست لکھ کر لائے تو اس میں غلطیاں نکال دیں ۔اس حوالے سے تھانہ باغبانپورہ میں رابطہ کیا گیا تو انہو ں نے بتایا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اسلم یہاں درخواست نہیں لے کر آیا ہے اگر درخواست دی جاتی تو اس پر لازمی عمل کیا جاتا۔

مزید :

علاقائی -