ہربنس پورہ ، مکینک کی دکان سے چور موٹریں چوری کر کے فرار ہو گئے
لاہور(کرائم سیل)تھانہ ہربنس پورہ کے علاقہ میں موٹر مکینک کی دکان سے چور موٹریں چوری کر کے فرار ہو گئے۔پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔نمائندہ \"پاکستان\" سے گفتگو کرتے ہوئے دکان کے مالک محمد احتشام اور عنایت نے بتایا کہ ان کی دکان شریف پورہ میں واقع ہے، گزشتہ رات کو وہ اپنی دکان بند کر کے گئے تھے ،رات کو 3بجے کے قریب ہمیں چوکیدار کی جانب سے فون آیا جس میں اس نے بتایا کہ ان کی دکان میں چوری ہو گئی ہے ہم جب دکان پر پہنچے تو چور دکان میں سے موٹریں اور دیگر سامان چوری کر کے لے گئے تھے۔چوکیدار کے مطابق اس نے دو افراد کو دکان کھول کر ایک مزدا میں سامان لوڈ کرتے دیکھا تو سیٹی بجائی جس پر وہ مزدا میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔