شیخ رشید تشدد کا پرچار کرینگے تو راستہ روکا جائے گا، مجیب الرحمن شامی

شیخ رشید تشدد کا پرچار کرینگے تو راستہ روکا جائے گا، مجیب الرحمن شامی

  

لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان کے نامور صحافی اورروزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمن شامی نے تحریک انصاف کے جلسہ میں شیخ رشید کی اشتعال انگیز تقاریر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید تشدد کا پرچار کرینگے تو ان کا راستہ روکا جائے گا۔یہ باتیں انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ”کیوں“ اور اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کیں۔مجیب الرحمن شامی نے شیخ رشید کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی آصف علی زراری سے خفیہ ملاقاتیں نہیں کی اور نہ ہی اس کی ضرورت محسوس کرتا ہوں ، میں جس طرح عمران خان ، نواز شریف اور آپ سے ملتا ہوں اسی طرح آصف علی زرداری سے ملاقات کرتا ہوں البتہ جس وقت آپ انتخاب میں حصہ لے رہے تھے تو زرداری سے خفیہ ملاقاتیں کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ شیشے کے گھر میں نہیں بلکہ مٹی کے گھر میں رہتا ہوں ، اسی طرح زندگی گزارتا ہوں جیسے عام لوگ رہتے ہیں،کوئی جب چاہے مجھ سے آکر مل سکتا ہے ۔مجیب الرحمن شامی نے شیخ رشید کو یاد دلایا کہ جب آپ کو گرفتار کیا گیا تھا تو نواب زادہ نصر اللہ خان نے آپ کی رہائی کا مطالبہ کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اس موقع پر اجلاس میں میں نے احتجاج کیا تھا اور یہ یاد رکھیں کہ آپ کی آزادی کے لئے اس حد تک جا سکتا ہوں تو غلط کرنے پر آپ کے خلاف بھی کھڑا ہو سکتا ہوں اور ایسا کرنا تمام محب وطن پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ صاحب سیاست کریںلیکن ملک کو باز یچہ اطفال نہ بنائیں، جب آپ ملک کے دستور اورقانون کوپامال کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم آپ کا راستہ روکیں گے۔مجیب الرحمن شامی نے مزید کہا کہ آپ عمران خان سے دوستی کی بجائے دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں،آپ نے جو کچھ کہا ایک ایک لفظ ریکارڈ ہو چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو تشددپراکسانے کاکام نہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے کیا اور نہ ہی گاندھی یا اس طرح کے دیگر رہنماﺅں نے ،بلکہ انہوں نے ہمیشہ پر امن جدوجہدکی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ ان کی باتوں کا نوٹس لیں ورنہ ان کی کہی ہوئی باتیں ہی عمران خان کے گلے پڑھ سکتی ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -