دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے مابین مضبوط تعلقات ضروری ہیں ،شہباز شریف

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے مابین مضبوط تعلقات ضروری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اورافغانستان کے مابین دوستانہ تعلقات اورقریبی باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی ،صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور افغان صدر کے ہمراہ وفد کے اراکین بھی ملاقات میں موجود تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اوردونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے بڑی گنجائش موجود ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کے لئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان اورافغانستان کے مابین مضبوط قریبی تعلقات انتہائی ضروری ہیں ۔ دونوں ممالک کو قریبی باہمی تعاون سے سکیورٹی کے مسائل حل کرنا ہوں گے تاکہ خطے میں امن قائم ہوں ، اقتصادی ومعاشی سرگرمیاں بڑھیں اورعوام پائیدار ترقی سے حقیقی معنوں میں استفادہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کابل کے درمیان تجارت ،سروسز،تعلیم ،صحت اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی گنجائش موجود ہے اوراس مقصد کے لئے موثر اقدامات کے جائیں گے۔افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کے دورہ اسلام آباد سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون اورباہمی تعلقات میں مزید وسعت آئے گی اوردونوں ملکوں کو نئے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے ،یہی موجودہ وقت کا تقاضا ہے۔افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے کہاکہ پاکستان کا دورہ کر کے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے ۔پر امن افغانستان اور پر امن پاکستان ایک دوسر ے کی ترقی اور استحکام کیلئے سود مندہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور اورکابل کو جڑوا ں شہر قرار دیا جانا چاہیے۔افغان صدر نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو کابل کے دورے کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلد پنجاب سے تجارتی وفد کے ہمراہ کابل کا دورہ کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے ملک و قوم کے امن کیلئے اپنے گھر بار چھوڑنے والوں کی مدد کرنے کی بجائے اربوں روپے بے مقصد دھرنوں پر اڑائے ۔ دھرنا دینے والوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے ان کے ساتھ بدترین بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ معیشت کو نقصان پہنچانے اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مجروح کرنے والوں نے ملک و قوم پربہت ظلم کیا ہے۔ عوام عمران خان اور طاہرالقادری کا ملکی مفادات کے منافی رویہ کبھی نہیں بھولیں گے ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین نہایت کامیاب رہا ہے جس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے پنجاب میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ عوام کو گمراہ کرنے والے اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ روزانہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولنے والے ملک و قوم سے مخلص نہیں ہو سکتے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں محمد رضا حیات ہراج، افضل کھوکھر، نجف عباس سیال، معاون خصوصی ایم پی اے ارشد جٹ، سابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم اور سابق ایم پی اے سمیع اللہ چودھری شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ۔عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اورحکومت یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی۔شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔مفاد عامہ کے اس بڑے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اور صوبے کے ہر شہری تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وہ یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صاف پانی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے اور اس اہم منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ کا تعلق براہ راست عوام کی صحت سے ہے اور شہریوں کوصحت مند ماحول اور صحت عامہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہو ں نے کہاکہ پینے کے صاف پانی کا منصوبہ پہلے مرحلے میں 18اضلاع سے شروع کیا جارہاہے، بعد ازاں اس کا دائرہ پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صاف پانی پراجیکٹ کے تحت صاف پانی سہولت سینٹرز بنائے جائیں گے او ران سینٹرز کو چلانے کے لئے مقامی نوجوانوں کو روز گار فراہم کیا جائے گا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی نے منصوبے کے اہم نکات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک ، معاون خصوصی عزم الحق ، چیئرپرسن صاف پانی کمپنی ، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی کے علاوہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ ملک بے مقصد دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔دھرنے والوں نے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے ۔عوام دھرنوں کے ذریعے ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کی ہر سازش ناکام بنادیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -