افغانستان میں قتل کئے جانیوالے مغوی ایس پی طاہر داوڑ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد کے سیکٹر 10 سے اغواکے بعد افغانستان میں قتل ہونے والے خیبرپختونخوا پولیس کے سپرنٹنڈٹ طاہر خان داوڑ کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کے علاقے حیات آباد کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا،طاہر خان داوڑ کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی نماز جنازہ سے قبل پولیس کے دستے نے شہید افسر کی میت کو گارڈ آف آنر پیش کیااور المیہ دھنیں بکھیریں۔
جیونیوز کے مطابق نماز جنازہ میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر، آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود، شہرام ترکئی اور اجمل وزیر سمیت اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات شریک ہوئیں۔
اس سے قبل یس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، خیبرپختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم سمیت دیگر حکام طورخم بارڈر پہنچے تاہم افغان حکام نے میت حوالے کرنے سے انکار کیااور ان کو دھائی گھنٹے تک طورخم بارڈر پر کھڑا کیاگیا اور بعد ازاں محسن داوڑ کے پہنچنے پر شہید پولیس افسر کی میت کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا۔