رسول اللہ ؐ سے عشق اتحاد امت کی بنیاد ہے،لیاقت بلوچ

رسول اللہ ؐ سے عشق اتحاد امت کی بنیاد ہے،لیاقت بلوچ

لاہور( نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے مکہ مکرمہ میں پاکستانیوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ بیت اللہ ، مسجد الحرام میں امام کعبہ نماز فجر ، مغرب اور عشا ء میں قرآن کریم میں سے ان آیات کی تلاوت کرتے ہیں جن میں خاتم الانبیا، رحمۃ اللعالمین حضرت محمد ؐ کی شان و عظمت اور ختم نبوت کا ذکر کیا گیاہے ۔ رسول اللہ ؐ سے عشق اتحاد امت کی بنیاد ہے ۔ عمرہ کی ادائیگی کے لیے آیا ہر پاکستانی حکومت اور عدلیہ کی حکمت عملی سے پریشان ہے کہ اسلامی تہذیب اور اہل ایمان کے دینی جذبوں کو کیوں مجروح کیا جارہاہے ۔ پاکستان کی طاقت اسلامی نظریہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں سرکاری جماعت کی خاتون رکن کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی قرار داد شروعات ہیں ۔ بین المذاہب تعلقات کا شاخسانہ ہے کہ کشمیر ، فلسطین ، روہنگیا مسلمانوں کے حقوق بھو ل جاؤ ۔

ظلم کرنے والوں کو ظلم کرنے کا لائسنس دے دیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ماہ ربیع الاول میں اسرائیل غزہ اور ہندوستان کشمیریوں پر قیامت ڈھا رہے ہیں ، بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا جارہاہے ۔ عالمی اداروں پر غالب عیسائی ، یہودی اور ہندو قوتیں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف یک زبان ہیں ، المیہ یہ ہے کہ عالم اسلام منتشر اور باہم دست و گریبان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غزہ کے وسط میں اسرائیلی بمباری سے سکول، ہسپتال ، پبلک مقامات کو ٹارگٹ بنا کر تباہ کیا گیاہے ۔ فلسطینی دہائی دے رہے ہیں کہ ہم کہاں جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی ادارے مجرمانہ غفلت ترک کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ، مسیحیت ، یہودیت اور ہندو اور بدھوں کے مذاہب کا جھگڑا نہیں یہ مظلوموں کے حقوق کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے ۔ اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہو جائے تو مسائل حل کرنے کی راہ ہموار ہوگی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1