یاسمین راشدکاحضرو ہسپتال کا دورہ ،طبی سہولیات کا جائزہ لیا
لاہور ( جنرل رپورٹر )وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ ڈاکٹرز مریضوں کی خدمت کو اپنا شعاربنائیں، ان کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ جمعرات کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو، ضلع اٹک کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مریض کے ساتھ اچھا رویہ(بقیہ نمبر16صفحہ12پر )
اختیار کیا جائے تو اس کی آدھی پریشانی اسی وقت حل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں حالیہ ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ڈاکٹروں کو طبی مراکز میں بدنظمی سے پرہیز کرنا ہوگا۔ ڈاکٹروں اور سٹاف کے تحفظ کے لئے سکیورٹی بل جلد تیار کر لیا جائے گا جس کے مسودے پر ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ حضرو ہسپتال کے دورے میں وزیر صحت نے سٹاف کی حاضری چیک کی اور تمام شعبوں بالخصوص لیبر روم کا معائنہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی ایمرجنسی میں آنے والے ڈیلیوری کیس کو ہرگز کہیں اور ریفر نہ کیا جائے۔ انہوں نے وارڈز کے دورے میں مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں پوچھااور بعض شکایات پر فوری طور پر ازالے کی ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہسپتال میں ادویات کا سٹاک رجسٹر بھی منگوا کر چیک کیااور کہا کہ ضروری ادویات کا سٹاک وافر مقدار میں موجود ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کی طرف سے اضلاع میں پروکیورمنٹ افسروں کو تقرر کردیا گیا ہے۔ سی ای اوز ہیلتھ ان کے ساتھ مل کر ادویات کی خریداری کا عمل جلد مکمل کریں۔