12ربیع الاول خوشی اور امن کا پیغام ہے،قاری زوار بہادر

12ربیع الاول خوشی اور امن کا پیغام ہے،قاری زوار بہادر

لاہور (صباح نیوز)جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ کائنات میں سب سے عظیم انقلاب حضورﷺ کی تشریف ہے جو دنیا کے لئے ہدایت امن اور محبت کا پیغام ہے۔12 ربیع الاوّل کا دن سارے عالم انسانیت کے لئے خوشی اور امن کا پیغام ہے رحمتہ اللعالمین کی تشریف آوری سے ظلم و بربریت کا خاتمہ اور سکون واطمینان اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ نصیب ہوا۔حضور کی آمد سے دنیا سے اندھیرا اور تاریکی ختم ہو گئی اورہر طرف اُجالا ہو گیا پسماندہ اور معاشرے کے ستائے ہوئے افرادکو پُرسکون زندگی گزارنے کا موقع ملا ۔انہوں نے کہا کہ غلامان مصطفےٰﷺربیع اوّل کے مہینے میں ملک بھر میں حضور سے محبت اور عشق رسول کا ایسا ثبوت پیش کریں کہ دشمنان اسلام اپنے عزائم میں ناکام ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں منانا نبی کریمﷺ سے اظہار محبت کا عظیم ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد سیدنا ابوہریرہ صوئے آصل میں استقبال عید میلاد النبیﷺ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر رشید احمد رضوی، مولانا ظفر الرحمن ، مولاناسجاد حیات رضوی، سید ذیشان شاہ گیلانی اور دیگر علماء نے شرکت کی۔قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ عشق رسولﷺ کا تقاضا یہ ہے کہ غلامان مصطفےٰ میلاد کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ رحمت عالم ﷺکے نظام کے لئے بھی مخلصانہ جدوجہد کریں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1