الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دیوالی کے موقع پر ہندوخاندانوں میں تحائف کی تقسیم

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے دیوالی کے موقع پر ہندوخاندانوں میں تحائف کی تقسیم

لاہور(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کے تحت اخوت کے تعاون سے ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پرسندھ بھر میں 1200مستحق ہندو خاندانوں میں لحاف اورکپڑے، 50خاندانوں میں فوڈ پیکجز اور 20معذورہندو افرادمیں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔دیوالی کی مناسبت سے شکارپور، سکھر، ڈہرکی، گھوٹکی اور پنو عاقل سمیت سندھ کے دیگر علاقوں کے مختلف مندروں میں تحائف تقسیم کی خصوصی تقریبات اور ظہرانے و عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ ان تقریبات میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ ، شعیب احمد ہاشمی، ڈاکٹر شنکر لال اور مقامی ذمہ داران سمیت ہندوبرادری کے معززین نے بڑی تعداد میں شر کت کی۔

ہندو خاندانوں میں دیوالی کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔ معاشرے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے اور رواداری ومذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

اس موقع پرڈاکٹر شنکر لال سمیت دیگر اقلیتی رہنماؤں کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن اور اخوت کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں پر خصوصی تقریبات کے انعقاد سے ہمارا احساسِ تحفظ بڑھا ہے۔جس کے لئے ہم الخدمت فاؤنڈیشن اور اخوت کے شکر گزار ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1