تمام بینک ہیکرز حملوں سے بچاؤ کیلئے سائبر سکیورٹی نظام اپ گریڈ کریں، ایف آئی اے

تمام بینک ہیکرز حملوں سے بچاؤ کیلئے سائبر سکیورٹی نظام اپ گریڈ کریں، ایف آئی ...

اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بینکوں کو ہیکرز کے مزید حملوں سے بچا نے کیلئے اپنے سائبر سکیورٹی نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔کراچی میں 2روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیٹ بینک آف پا کستا ن سمیت تمام بینک ایف آئی اے کیساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور معلومات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر کیپٹن محمد شعیب کی سربراہی میں تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم نے مختلف بینکوں کی آئی ٹی کی ٹیم سے ملاقاتیں کیں۔یہ ملاقاتیں بینکوں پر ہونیوالے ہیکرز کے حالیہ حملوں کے بعد سامنے آئیں جس کے نتیجے میں مختلف ممالک میں غیر قانونی طور پر رقم منتقل کی گئی تھیں،تاہم بینکنگ شعبے نے دعویٰ کیا کہ ہیکرز کے حملوں سے اکاؤنٹ ہولڈرز کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ بینک ایسے کیسز میں انکوائری کے بعد ان کے پیسے انہیں واپس کردے گا۔ایف آئی اے کی ٹیم کے مطابق حالیہ سائبر حملوں سے سسٹم کی خرابی سامنے آئی ہے، بینکوں کو اپنے آئی ٹی سکیورٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنانے کیلئے کہا گیا ہے۔اجلاس میں ایس بی پی حکام نے ایف آئی اے کو بتایا تمام بینکوں کو تفصیلی طریقہ کار بتادیا گیا ہے جس کے ذریعے بینک اپنے آئی ٹی نظام کو بہتر بنائیں گے،آئی ٹی نظام کو بہتر بنانے کی ذمہ داری بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینئر مینجمنٹ کی ہوتی ہے، انہیں یقین دہانی کرانی چاہیے ان کے ادارے میں آئی ٹی نظام حقیقی دنیا کے خدشات سے نمٹنے کی صلاحیت کے قابل ہیں۔

مزید : صفحہ آخر