سینیٹ الیکشن میں کامیابی وزیراعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت،وزیراعلیٰ پنجاب

سینیٹ الیکشن میں کامیابی وزیراعظم کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت،وزیراعلیٰ ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کامیابی وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہے، ولید اقبال اور سیمی ایزدی کی جیت سے ثابت ہوگیاپنجاب تحریک انصاف کا گڑھ بن چکا ہے اور اب دونوں سینیٹرز ایوان بالا میں نمائندگی کا حق ادا کریں گے۔قبل ازیں سینیٹ الیکشن کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کے مسائل سنے اورموقع پر ہی ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔برداشت اوررواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پرا پنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ بین المسالک وبین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے جس سے تحمل اور برداشت کے جذبات پروان چڑھیں گے کیونکہ تحمل و برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ی کے مکمل خاتمے کیلئے اعتدال اور میانہ روی کی تعلیمات کو فروغ دینا ہو گا اور اس مقصد کیلئے تعلیمی ادارے،جامعات اور دینی مدارس ،برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول