نبی آخر الزماںؐ سے عشق و عقیدت ہرمسلمان کے ایمان کا حصہ ہے: پیر سرکار جی

نبی آخر الزماںؐ سے عشق و عقیدت ہرمسلمان کے ایمان کا حصہ ہے: پیر سرکار جی

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) نبی آخر الزماںﷺ سے عشق و عقیدت ہرمسلمان کے ایمان کا حصہ ہے آپﷺ کی ولادت سعید سے قبل انسانیت اندھیرے میں بٹھک رہی تھی آپﷺ نے اپنے نور رسالت سے انسانیت کو منور کیا جناب رسالت مابﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے۔ماہِ ربیع الاول اُمت مسلمہ کے لیے بالخصوص اور عالم انسانیت کے لیے بالعموم نہایت ہی مبارک ہے بعثت محمدی کائنات کی سب سے عظیم نعمت ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ قلندریہ گلشن آباد شریف پیر سرکار جی نے20ویں سالانہ 12روزہ آل پاکستان جشن عید میلادالنبیﷺ کانفرنس بسلسلہ تحفظ ختمِ نبوۃ و ناموس رسالتؐ کی پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر سرکارجی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کی رشدو ہدایت کا جو سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام سے شروع فرمایا تھا اسے اپنے آخری پیغمبر حضرت محمدﷺ پر ختم فرما دیا اور ختم نبوت کے عظیم الشان محل کی تکمیل حضرت محمدﷺ پر ختم فرما دی، ختم نبوت کے عظیم الشان محل کی تکمیل حضرت محمدﷺ کا وجود مسعود ہے۔ کانفرنس سے علامہ مولانا پیر سید مزمل حسین شاہ جماعتی نے اپنے موضوع ً عقیدہ ختم نبوۃ اور فتنہ قادیانیتً پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوتﷺ کا عقیدہ اسلام کا وہ بنیادی اور اہم عقیدہ ہے جس پر پورے دین کا انحصار ہے اگر یہ عقیدہ محفوظ ہے تو پورا دین محفوظ ہے،مہمانِ خصوصی پیر سید امجد حسین شاہ بخاری، علامہ مولانا حافظ محمد اقبال ر ضو ی ،علامہ محمد عاصم خان سیالوی، مفتی طارق صدیقی، تنویر حسین طاہر گولڑوی، صاحبزادہ محمد اکرم آفاق قادری، شیخ ناصر و دیگر علماء کرام نے بھی پر اثر تقریر کی جس میں شہنشاہ گولڑہ پیر سید مہر علی شاہ کی کرامت کا تذکرہ کیا کہ کس طرح غلام احمد قادیانی کو چیلنج فرما کر بھگا دیا گیا۔ اختتامِ محفل پیر سرکار جی نے اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر