نبی پاک ؐکا اخلاق ہی کائنات کا سب سے بڑاضابطہ اخلاق ہے:سید اظہار بخار

نبی پاک ؐکا اخلاق ہی کائنات کا سب سے بڑاضابطہ اخلاق ہے:سید اظہار بخار

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) میلاد النبی ؐکے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں ضابطہ اخلاق پر بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین امن کمیٹی ممتاز مذہبی سکالرعلامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ نبی پاک ؐ کا اخلاق ہی کائنات کا سب سے بڑاضابطہ اخلاق ہے۔میلاد النبی ؐ کے پروگروموں میں شان مصطفی ؐ ، نعت رسول ؐ کی اجازت ہوگی ۔ لیکن ڈھول ، باجے ،سازوں، موسیقی، اور کس بھی غیر شرعی افعال کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ تمام مسالک کا، آپسمیں رابطہ ہی سب سے بڑا ضابطہ ہے۔ نبی پاک ؐ وہ عظیم ہستی ہیں ، جن کے ماتھے کے نور سے روشن خیالی جنم لیتی ہے ۔نبی پاکؐ ہماری تعریف کے محتاج نہیں ، بلکہ ہم نبی پاک ؐ کی شفاعت کے محتاج ہیں ۔ سمند ر سیاہی، درخت قلم بن جائیں ، تب بھی نبی پاک ؐ کی شان بیان نہیں ہو سکتی ۔جہاں زبان و بیان کے دریا کی روانیاں تھم جاتی ہیں ۔وہاں سے ان کی تعریف شروع ہوتی ہے ۔ رضائے الہی کی منزل کوجانے والا ہر راستہ کوئے رضائے مصطفی ؐ سے ہوکر گزرتا ہے ۔ اظہار بخاری نے کہا میلاد النبی ؐ کی مبارک گھڑی میں ہم جتنی بھی خوشی منائیں ، کم ہے ۔لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے ،کہ ہم ان مبارک لمحوں کو کیسے گزاریں ۔کیا ہمارے فرائض صرف جلسے اور تقروں تک محدود ہیں ،یا ہم پر کوئی اور ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے ۔ حُب رسول ؐ تمام مکاتب فکر کی مشترکہ میراث ہے ۔ضلعی امن کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ میلاد النبی ؐ کے جلسے وجلوسوں میں اجنبی اشخاص پر کڑی نظر رکھیں۔ مبارک ہیں، وہ زبانیں جن میں عشق رسول ؐ کا ذکر ہوتا ہے ۔اگر دل میں عشق رسول ؐ کے گلاب نہیں کھلتے ، قلب و نظر کی دنیا حُب رسول ؐ کی خوشبو سے معطر نہیں ہوتی ۔تو پھر ایسی بے روح عبادتوں کا کوئی فائدہ نہیں ۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے ، کہ امت مسلمہ سیرت النبیؐ منانے کے ساتھ ساتھ اسے اپنانے کی کو شش بھی کرے ۔کیونکہ نبی پاکؐ کی اطاعت ہی کامیابی کی ضمانت ہے ۔آج امت مسلمہ پستیوں کی دلدل میں اس لیے پھنس رہی ہے ، کہ اس نے بلندیوں پر جانے والے نبی پاک ؐکا راستہ چھوڑ دیا ۔اخلاقی پستی ،جذباتی انتشار اور فکری خلفشار کے اس سیاہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے ، کہ ملک بھر میں میلاد کانفرنسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔اور تمام شہروں میں سرکاری سطح پر سیرت کانفرنسیں منعقد کر کے لوگوں کے دلوں میں سیرت محمدیؐ کا نور اتارا جائے ۔کیونکہ حضور کریم ؐ ہی اس کائنات ارض و سما کی تخلیق کا محرک اور سبب ہیں ۔مسلمان حُب رسول ؐ کا دامن پکڑ لیں ۔تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر