سندھ حکومت کا کوئی محکمہ کام کرنے کو راضی نہیں، خرم شیر زمان

سندھ حکومت کا کوئی محکمہ کام کرنے کو راضی نہیں، خرم شیر زمان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ رشوت کے بغیر سندھ حکومت کا کوئی محکمہ عوام کا کوئی کام کرنے کو راضی نہیں۔ جو مسئلہ پیدا ہوتا ہے، اس کے حل پر توجہ دینے کی بجائے مزید مسائل پیدا کیے جاتے ہیں۔ سندھ ریونیو ڈپارٹمنٹ اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں کمال غفلت سے کام لے رہا ہے۔ سندھ حکومت کو اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے خلاف تحقیقات عمل میں لا کر کارروائی کرنا ہوگی۔ اپنے خصوصی بیان میں ایم پی اے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ محکمہ سندھ ریونیو عوام کی خدمت کے لیے بنایا گیا تھا۔ عوام کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ سندھ ریونیو بورڈ کی ٹریننگ اکیڈمی کے لیے زمین کا تعین نہ کرتے ہوئے عمارت کرائے پر حاصل کر لی گئی جس سے منصوبہ التوا کا شکار ہوا۔ سندھ ریونیو بورڈ اپنی ٹریننگ اکیڈمی کرائے پر عمارت حاصل کرکے چلارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی سرکردگی میں صوبے کے مالی معاملات میں اس نوعیت کی بے ضابطگی ناقابل برداشت ہے۔ نااہل سندھ حکومت عوام دشمن ہے۔ لاکھوں روپے ماہانہ کرائے کی مد میں ادا کر دئیے جاتے ہیں جس کا عملی مصرف صفر ہے۔ سالہا سال سندھ پر حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی کو عوام کے مفادات عزیز نہیں۔ محکمہ ریونیو سندھ سمیت سندھ حکومت کا کوئی بھی محکمہ عوام کے ساتھ مخلص نہیں۔ سندھ حکومت کو عوام کے ساتھ مخلصانہ روش اپنانے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کے ادا کردہ ٹیکسز سے چلنے والی سندھ حکومت کو اپنی کارکردگی کا حساب دینا ہوگا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر