راجہ اظہر خان کی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ سے ملاقات

راجہ اظہر خان کی وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ سے ملاقات

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان نے وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان نے وزیر تعلیم کواپنے حلقہ انتخاب پی ایس 97کے علاقے کورنگی چکرا گوٹھ میں گورنمنٹ بوائز سندھی پرائمری اسکول کے مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں فرنیچر ، ڈیسکوں اور ٹیچرز کی کمی ہے۔اسکول کے باہر کچرے کے ڈھیر موجود ہیں۔ صفائی ستھرائی کے نظام میں بھی خرابیاں ہیں۔ اسکول میں مناسب باتھ روم دستیاب نہیں، بچوں کو پڑھائی چھوڑ کر باتھ روم کے لیے اپنے گھر جانا پڑتا ہے۔ اسکول میں کوئی چوکیدار نہیں، بچوں کے یونیفارم کے بھی مسائل ہیں۔ بچوں کے لیے گرم یونیفارم، سوئٹرز وغیرہ اور چوکیدار متعین کیا جائے۔ وزیر تعلیم سندھ نے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان کو جنوری یا فروری تک متعلقہ اسکول میں تمام سہولیات مہیا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیر تعلیم سندھ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان کے حلقہ انتخاب میں تمام گورنمنٹ اسکولوں کا دورہ کریں گے۔ اس موقعے پر راجہ اظہر خان کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ اسکولوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ وزیر تعلیم سندھ نے اسکول کے مسائل تسلی سے سنے اور حل کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت عملی اقدامات اٹھائے تو تحریک انصاف ساتھ دے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر