پی ٹی وی میں تقرری اور ترقی میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے ،ریاض مسعود

پی ٹی وی میں تقرری اور ترقی میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے ،ریاض مسعود

لاہور(این این آئی)پی ٹی وی میں تقرری اور ترقی میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہیے ، من پسند افراد کی پروموشن ادارے کیلئے زہرقاتل ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز کیلئے سینئر ترین کرنٹ افیئرز پروڈیوسر کو تعینات کیا جائے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن مہم میں میرٹ کے نفاذ کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق ہیڈ کرنٹ افیئرز لاہور مرکز چوہدری ریاض مسعود نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ چوہدری ریاض مسعود جو آج کل پروڈیوسرز کرنٹ افیئرز ویلفیئر فورم کے چیئرمین ہیں، نے کہا کہ ہمارے علم میں یہ بات آرہی ہے کہ پی ٹی وی پر پروموشن اور پوسٹنگ میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں، جبکہ میرٹ کو بھی نظر انداز کرنے کی کوشش ہورہی ہے، پٹی وی میں سیاسی مداخلت ادارے کو پہلے ہی بہت نقصان پہنچا چکی ہے، اب موجود انتظامیہ اور وفاقی حکومت کو چاہیے کہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے۔ انہو ں نے کہا کہ ہم سے بہت سے پروڈیوسرز رابطہ کررہے ہیں کیونکہ ان میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ چیئرمین ریاض مسعود نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی اور وفاقی وزیر اطلاعات سے ہمارا مطالبہ ہے کہ پی ٹی وی کے ملازمین خصوصاً کرنٹ افیئرز پروڈیوسرز کے تحفظات دور کیے جائیں، جن پروڈیوسرز کی پروموشن اور پوسٹنگ میرٹ پر ہونی چاہیے اس پر فی الفور عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرنٹ افیئرز پروڈیوسرز کے حقوق کیلئے ہم عدالت کے دروازے پر بھی دستک دیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر