پشاور سے فلائنگ کوچ کے ذریعہ منشیات سمگلنگ ناکام ،1 گرفتار

پشاور سے فلائنگ کوچ کے ذریعہ منشیات سمگلنگ ناکام ،1 گرفتار

پشاور (کرائم رپورٹر)کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فلائنگ کوچ کے ذریعے بھاری مقدار میں منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیاگاڑی کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی61کلو گرام چرس اور 28 کلو گرام افیون بر آمد کر لی گئی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کو خفیہ ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ قبائلی علاقہ ضلع خیبر سے بھاری مقدار میں منشیات گاڑی کے ذریعے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے قبائلی علاقہ سے شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر چیکنگ اور ناکہ بندیوں کی ہدایت جاری کر دی ایس پی صدر صاحبزادہ سجاد کی نگرانی میں ڈی ایس پی بڈھ بیر گران اللہ خان ، ایس ایچ او تھانہ سربند سلیم خان اور انچارج چوکی سیکریٹری پل اے ایس آئی شمس الحق خان سیکرٹری پل کے قریب ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک فلائنگ کوچ نمبرP-2025جو قبائلی ضلع کی طرف سے پشاور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کو مشکوک جانتے ہوئے روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 61کلو گرام چرس اور 28 کلو گرام افیون برآمد کرکے ایک ملزم عبدلرزاق ولد قسمت خان سکنہ باڑہ ضلع خیبر کو گرفتار کر لیا گیا ملزم نے سرسری انٹاروگیشن کے دوران اعتراف کرتے ہوئے بیان کیا کہ وہ منشیات فلائنگ کو چ کے ذریعے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے ۔ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے کارروائی میں حصہ لینے والی تمام ٹیم کی کاکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر