پہلا ٹیسٹ ،پاکستانی باولرز نے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 153 رنز پر پولین پہنچا دی
ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی باولرز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو 153 رنز پر ڈھیر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 153 رنز کے مجموعے پر آوٹ ہو گئی ہے جس میں واحد ولیمسن تھے جو کہ نصف سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ان کے بعدنیکولز نے 28 رنز کی اننگ کھیلی تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین ، بلال آصف نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا جبکہ محمد عباس، حسن علی، حارث سہیل شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اوپننگ پر آنے والے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی راوال 7 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ دوسرے نمبر پر آنے والے لیتھم 13 رنز پر یاسر شاہ کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ٹیلر بھی صرف دو رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئے اور یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔اس کے بعد آنے والے نکولس نے 28 رنز بنائے اور محمد عباس کی گیند پر کپتان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔واٹنلنگ 10، سودھی 4 اور گرینڈ ہوم بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہو گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز سے اچھا تجربہ حاصل ہوگا، پوری ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس سینئر پلیئرز موجود ہیں۔دوسری جانب کیوی قائد کین ولیم سن اپنی گروئن انجری سے صحتیاب ہوگئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ اور محمد عباس کی موجودگی میں پاکستان آسان ٹیم نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 8 سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے۔اس سے قبل 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی ون ڈے سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہو گئی تھی کیوکہ تیسرا ون ڈے بارش کی نظر ہو گیا تھا ۔