دورہ چین توقع سے زیادہ کامیاب، شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی نہیں بناسکتے،سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل ہوگا: وزیراعظم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بنانے سے انکار کردیا۔ کہتے ہیں شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بناناملک سے مذاق ہوگا، احتساب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عمل کریں گے، دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات منظر عام پر نہیں لاسکتے ۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی (پی اے سی)کے انتخاب کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان ڈٹ گئے۔ کہتے ہیں شہبازشریف کو کسی صورت چیئرمین پی اے سی نہیں بنائیں گے۔ کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے کو چیئرمین پی اے سی نہیں بناسکتے۔ شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بناناملک سے مذاق ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ چکا ہے جس کے باعث اس کی کارکردگی متاثرہورہی ہے۔احتساب قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عمل کریں گے۔
منی لانڈرنگ اور لوٹی دولت کی وطن واپسی کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ کےخلاف مہم کامیاب جارہی ہے، دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز کی جائیداد کا سراغ لگالیا ہے، بیرون ملک جائیداد کے انکشاف پر اپوزیشن کی تنقیدبڑھ گئی ہے ۔ لوٹی دولت کی واپسی کیلئے مختلف ممالک سے معاہدے کر رہے ہیں ، سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ کے ساتھ معاہدے ہوچکے ہیں،جن سے ملک کی لوٹی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔
دورہ چین کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا ہے ، ماضی میں کسی وزیراعظم کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا،حالیہ دورہ چین کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران دوست ملک سے ہونے والے معاہدوں کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ معاہدوں کی تفصیل عام نہیں کرسکتے، چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کاتوازن بہتر ہوگا، چین سے ہر قسم کی امداد مل رہی ہے جس سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔