چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی اورڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے غیر ملکی پارلیمنٹیرین کو دعوت دینے کے معا ملہ پر اختلافات شدت اختیار کرگئے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ڈپٹی چئیرمین سلیم مانڈوی والا کو غیرملکی پارلیمنٹیرین کودعوت دینے پر خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دینے سے پہلے چیئرمین سینٹ سے رجوع کرنا ضروری ہے۔اس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چئیرمین کوجوابی خط لکھ دیا۔ چیئر مین نے خط 12 نومبرکو لکھا جس کا جواب ڈپٹی چیئرمین نے 14 نومبر کو دے دیا۔صادق سنجرانی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ قوانین کے مطابق غیر ملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت صرف چیئر مین سینیٹ دے سکتا ہے۔ غیر ملکی وفود کو پاکستان آمد کی دعوت صرف قومی مفاد میں دی جا سکتی ہے۔ سنجرانی نے کہا غیر ملکی پارلیمنٹیرینز کی پاکستان آمد پر خطیر رقم خرچ ہو گی۔چیئرمین سینیٹ نے ڈپٹی چیئرمین سے کہا ہے کہ آئندہ غیر ملکی وفد کو دعوت دینے سے پہلے ان سے پوچھا جائے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چیئرمین کے خط کے جواب میں کہا ہے کہ آپ کا خط پڑھ کر بہت افسوس ہوا، ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ قوانین میں کہاں لکھا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین غیرملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت نہیں دے سکتا؟ڈپٹی چئیر مین سینیٹ نے کہا کہ حیران ہوں کہ یہ آپ کہہ رہے ہیں کہ غیر ملکی وفود کا پاکستان آنا قومی مفاد میں نہیں۔ غیر ملکی وفود کو پاکستان آنے کی دعوت دے چکا ہوں اور اپنے فیصلے پر قائم رہوں گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہوں فیصلہ کیا ہے کہ وہ تمام تر اخراجات خود برداشت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک عرصے سے غیر ملکی وفود نہیں آئے تھے۔