باﺅلرز کے بعد بلے باز بھی چھا گئے، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک کتنے رنز بنا لئے؟ خوشخبری آ گئی

باﺅلرز کے بعد بلے باز بھی چھا گئے، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک کتنے رنز بنا ...
باﺅلرز کے بعد بلے باز بھی چھا گئے، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک کتنے رنز بنا لئے؟ خوشخبری آ گئی

  


ابوظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے 153 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لئے ہیں۔

پاکستان کے اظہر علی 10 اور حارث سہیل 22 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں جو دوسرے روز پاکستان کی ادھوری اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 94 رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ پاکستانی باﺅلرز نے غلط ثابت کر دی اور پوری ٹیم پہلے ٹیسٹ کی اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ پاکستانی باﺅلرز نے اننگز کی ابتداءسے ہی شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن ہی پاکستانی باﺅلرز کو کسی حد تک سمجھ سکے اور 63 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے نیوزی لینڈ ٹیم اپنی وکٹیں گنواتی رہی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جبکہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنر زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 27 کے مجموعی سکور پر امام الحق صرف 6 رنز بناکر گرینڈ ہوم کا شکار بن گئے جس کے بعد محمد حفیظ بھی 20 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر ولیم سن کو کیچ دے بیٹھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 8 سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011ءمیں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔ دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔

مزید : کھیل