حکومت نے ایس پی طاہر داوڑ قتل کیس میں بڑا قدم اٹھا لیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاپتہ ہونے کے بعد افغانستان میں قتل ہونے والے ایس پی طاہر داوڑ کے قتل کی تحقیقات کیلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن جے آئی ٹی کے سربراہ ہوں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کا بھی ایک، ایک نمائندہ شامل ہو گا جبکہ ایس پی، ایس ڈی پی او شالیمار اور ڈی ایس پی سی آئی ڈی بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے ۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ 26 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہوئے تھے اور پھر 13 نومبر کو ان کی لاش افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے ملی تھی۔حکومت پاکستان کی جانب سے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان سفیر کو طلب کر کے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا۔