فوڈ اتھارٹی کی مختلف کارروائیوں میں کتنے لیٹر ناقص کیچپ ضائع کی گئی اور کتنی فیکٹریاں سیل ہوئیں؟ جان کر آپ کیچپ کو ہاتھ لگانے سے پہلے ہی بھی کئی بار سوچیں گے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں کیچپ، ساسز اور مائیونیر کے 39 بڑے یونٹس کی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 5 فیکٹریاں سیل، 4600 لیٹر ناقص کیچپ، 70 کلو سٹارچ، 15 کلو ٹیکسٹائل کلر موقع پر تلف کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں کیچپ، ساسز اور مائیونیر کے انتالیس بڑے یونٹس کو چیک کیا، ناقص انتظامات پر 5 فیکٹریوں کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ ٹیموں نے 4600 لیٹر ناقص کیچپ، 70 کلو سٹارچ، 15 کلو ٹیکسٹائل کلر موقع پر تلف کر دیے جبکہ ناقص انتظامات پر 7 یونٹس کو بھاری جرمانے، 26 کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاہور میں 2، راولپنڈی 2 اور رحیم یارخان میں 1 پروڈکشن یونٹ کو سیل کیا گیا، سیل کیے گئے یونٹس کیچپ میں ٹماٹر کی جگہ فلیور استعمال کر رہے تھے۔ کپڑوں کو لگانے والی مائع میں ٹیکسٹائل رنگ ڈال کر کیچپ تیار کی جارہی تھی۔ ساسز میں کیمیکل ، کھلے رنگ اور مائیونیر بنانے میں گندے انڈوں کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
پروڈکشن ایریا میں واش روم، لال بیگ، مکھیوں کی بھرمار اور نیلے ڈرم بھی موجود پائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق 14 پروڈکشن یونٹس سے کیچپ سیمپلز بھی اکٹھے کیے گئے۔