سندھ حکومت نے ارادہ بدل لیا ،موٹر سائیکل ڈبل سواری پر کتنے دن کی پابندی عائد کی گئی؟ربیع الاول کے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے بڑا اعلان کر دیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ حکومت ربیع الاول کے موقع پر ’’یو ٹرن‘‘ لیتے ہوئے سیکیورٹی پلان میں تبدیلی کر دی ہے اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران دوسرا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے صوبہ بھر میں تین روز کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے ،اس سے پہلے سندھ حکومت نے 10روز کے لئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے ربیع الاول کے سیکیورٹی پلان میں تبدیلی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران دوسرا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ سیکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔جاری اعلامیے کے مطابق سندھ بھر میں دس روز کے بجائے تین روز کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ چپ تعزیہ اور بارہ ربیع الاول کے علاوہ ہرقسم کے جلسے جلوس، ریلی نکالنے، اسلحہ کی نمائش اور چار افراد کے جمع ہونے پربھی پابندی ہوگی،پابندی کا اطلاق 10 سے 12 ربیع الاول تک ہوگا۔اعلامیے کے مطابق تینوں دن دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اسی طرح ان ایام میں سندھ بھر میں اشتعال انگیز تقاریر ویڈیو، آڈیو کیسٹ چلانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔آٹھ ربیع الاول کو نکالے جانیوالے چپ تعزیئے کے جلوس پر پولیس کے 3608 افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ پائلٹ سکواڈ اور مین فزیکل سرچ پارٹی بھی موجود رہے گی۔جلوس کے راستوں اور بلڈنگز کی چھتوں کے اوپر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔کراچی میں ٹریفک پولیس نے چپ تعزیئے کے موقع پر ٹریفک کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔