کراچی کے علاقے قائد آباد میں دھماکہ ، 2افراد جاں بحق ، 10زخمی ہوگئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قائد آباد کے علاقے میں فلائی اوور کے نیچے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے،زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیاہے ۔
جیونیوز کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ دھماکہ فلائی اور کے نیچے ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہوں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ہسپتال ذرائع کے مطابق پانچ افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے ۔
فلائی اوور کے نیچے دھماکہ کے بعد علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ایس ایس پی ملیر کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر متاثرہ مقام کی طرف آمدورفت کومعطل کردیا ہے ،بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی جگہ پہنچ گیا ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام جاری ہے ۔
جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جبکہ زخمی ہونے والے 5 افراد کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے ۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی ہے ۔ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ نے کہاہے کہ بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں بتائے گا ۔
پولیس کے مطابق دھماکہ پتھارے کے اوپر رکھے سامان میں ہوا، جبکہ بم ڈسپورزل سکواڈ کے مطابق دھماکہ میں ابتدائی طور پر پانچ سو گرام سے زیادہ بارود استعمال کیا گیا ،جاں بحق افرادکی شناخت شاہد اور پپو کے نام سے ہوگئی ہے ۔