قائداعظم ٹرافی‘ بلوچستان کے ناردرن کیخلاف دوسری اننگز میں  5 رنز 

قائداعظم ٹرافی‘ بلوچستان کے ناردرن کیخلاف دوسری اننگز میں  5 رنز 

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیا ناظم آباد گراؤنڈ کراچی میں بلوچستان نے ناردرن کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 5 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل بلوچستان کے 293 رنز کے جواب میں ناردرن کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان  پر 293 رنزبناسکی۔ اوپنر آفاق رحیم نے 103 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرمد بھٹی نے 94 رنز اسکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے110 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔بلوچستان کے علی شفیق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ کے آخری روز بلوچستان کی جانب سے گلریز صدف اور حسیب اعظم کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ دوسری جانب این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں سندھ نے سدرن پنجاب کے خلاف دوسری اننگز میں 68 رنز کی مجموعی سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ ابھی اس کی دس وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے  قبل سندھ کے 328 رنز کے  جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 272 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عمیر کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ محمد عمیر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سندھ کی  جانب سے محمد عمر نے 4 اور عدیل ملک نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 56 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سندھ کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 12 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے  باعث میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔ آخری روز عماد عالم 8 اور  جاہد علی 2 کے انفرادی اسکور سے سندھ کی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ 

مزید : کھیل اور کھلاڑی