افغانی طلباء یو ایم ٹی میں معیاری تعلیم سکالر شپ پرحاصل کریں گے،ابراہیم حسن

افغانی طلباء یو ایم ٹی میں معیاری تعلیم سکالر شپ پرحاصل کریں گے،ابراہیم حسن

  



لاہور (پ ر) وزیر اعظم عمران خان کے پاک افغان سکالر شپس پروگرام کے مشن کوآگے بڑھاتے ہوئے صدر یو نیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) ابراہیم حسن مراد نے علم فنڈ کے تحت افغان طلباء کو یو ایم ٹی میں سکالر شپ پر معیاری تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یو ایم ٹی تمام نجی یونیورسٹیز میں سے واحد یو نیورسٹی ہے جس نے ان طلباء کو سکالرشپس دے کر حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ علم فنڈ اور ہائر ایجو کیشن کمشن کے باہمی اشتراک سے پاک - افغان سکالر شپ پروگرام کے تحت افغان طلباء یو ایم ٹی میں کوالٹی ہائر ایجوکیشن سے مستفیظ ہونگے اور ان طلباء کی فیس کا 50 فیصد سے زائد ایچ ای سی اور باقی علم فنڈ اداکریگا۔

 اس موقع پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد کا کہنا تھا وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے سکالر شپ پروگرام کو آگے بڑھائیں گے تاکہ پاکستان سمیت افغانستان سے بھی ذہین،محنتی اورلائق طلباء علم فنڈ کے انٹرنیشنل چیپٹرسے فائدہ اٹھائیں اور یو ایم ٹی جیسے بہترین ادارے میں معیا ری اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ انکا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے اس مشن میں وہ حکومت پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے جس سے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان نہ صرف سفارتی تعلقات بہتر ہونگے بلکہ دیگر معاشی و صنعتی تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ابراہیم حسن نے مزید بتایا کہ اس سکالر شپس پروگرم کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان بھی تعلقات استوار ہونگے جس سے افغانستان کے ساتھ ساتھ پورے خطے میں مثبت تبدیلیاں رونما ہونگی اور دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے۔اس موقع پر ہیڈ علم فنڈ سلمان احمد بھی صدر یو ایم ٹی کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1