سائیں سرکار کی کارکردگی،لاڑکانہ کا ایک اور بچہ آوارہ کتوں نے زخمی کر ڈالا

سائیں سرکار کی کارکردگی،لاڑکانہ کا ایک اور بچہ آوارہ کتوں نے زخمی کر ڈالا

  



کراچی(آئی این پی)لاڑکانہ میں آوارہ کتوں نے 6سالہ حسنین کو بری طرح زخمی کر ڈالا جسے طبی امداد کیلئے لاڑکانہ سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافے کے بعد بھی سائیں حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ لاڑکانہ کے 6 سالہ حسنین کے والدین علاج کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، لاڑکانہ سے کراچی کے نجی پھر سول ہسپتال اور آخر میں این آئی سی ایچ ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔حسنین کے والد غلام حسین نے کہا مشکل کی اس گھڑی میں کسی حکمران نے ساتھ نہیں دیا، بچے کو اپنی مدد آپ کے تحت لیکر آئے ہیں، ہسپتال والے خون کی تھیلیاں مانگ رہے ہیں،کہاں سے دیں، حکومت بچے کے علاج کیلئے مدد فراہم کرے۔ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر بھی این آئی سی ایچ ہسپتال پہنچے اور حسنین کی عیادت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا حکومت کی ذمہ داری ہے حسنین کو ہر ممکن امداد فراہم کرے، کتوں کے خاتمے کیلئے اسمبلی میں آواز اٹھاؤ ں گا۔ڈاکٹرز کے مطابق حسنین کی حالت تشویش ناک ہے، ڈاکٹرز کی ٹیم تشکیل دیدی جائے گی اس کے بعد علاج کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

لاڑکانہ بچہ

مزید : علاقائی