وسط ایشیا ئی ممالک کیساتھ براہ راست فضائی رابطہ جلد استوار کرینگے، غلام سرور

وسط ایشیا ئی ممالک کیساتھ براہ راست فضائی رابطہ جلد استوار کرینگے، غلام سرور

  



اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہاہے پاکستان وسط ایشیا ئی ممالک کیساتھ براہ راست فضائی رابطہ جلد استوار کرے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز وقار ظفر بختاوری کی طرف سے مانچسٹر کے لارڈ میئر عابد چوہان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا عابد چوہان کے لارڈ میئر بننے سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہوگا،دنیا بھر میں مقیم 75لاکھ پاکستانیوں میں سے 15 لاکھ برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر او ر معاشی بہتری اور دیگر تعلقات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس موقع پر معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا دیارِ غیر میں جاکر ممتازمقام حاصل کرکے عابد چوہان نے یہ ثابت کردیا وہ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ عابد چوہان اس دھرتی کے فرزند اور ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔ دیارِ غیر میں رہنے والوں کے دل میں پاکستان میں رہنے والوں سے زیادہ محبت ہے وہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان سے باہر پاکستانی اس خواب کی تعبیر کے خواہاں ہیں خو علامہ اقبال ؒنے دیکھا تھا ہم ان خوابوں کی تکمیل کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پرمانچسٹر کے لارڈ میئر عابد چوہان نے کہا مانچسٹر دنیا کا اہم ترین شہر ہے وہ بیس سال پہلے جب مانچسٹر گئے تو وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ لارڈ میئر بنیں گے۔ پاکستان نے دنیا میں امن قائم کرنے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ برطانیہ کے ای یوسے علیحدگی کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔قائد اعظم ؒاور علامہ اقبال ؒکے خیالات کی رو شنی میں پاکستان دنیا میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ 

غلام سرور خان

مزید : صفحہ آخر