ملک بھر میں بچوں کے پولیو کا شکار ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا،4نئے کیسز سامنے آ گئے،رواں برس مجموعی تعداد 82تک جا پہنچی

ملک بھر میں بچوں کے پولیو کا شکار ہونے کا سلسلہ تھم نہ سکا،4نئے کیسز سامنے آ ...

  



اسلام آباد(آئی این  پی)ملک بھر میں پولیو کے 4نئے کیسز سامنے آگئے، رواں برس مجموعی طور پر اب تک 82پولیو کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں جو خاصی خوفناک شرح ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سے 4نئے پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو کے 3 کیسز خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت اور ایک کراچی سے سامنے آیا۔لکی مروت میں ڈھائی سال کے بچے اور 2ماہ کے 2بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کراچی کے 2سالہ بچے میں پولیو وائرس سامنے آیا جس کا تعلق جمشید ٹان سے ہے۔خیال رہے رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنیوالے پولیو کیسز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، یہ شرح 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 61ہوگئی ہے۔ 9 کیسز سندھ میں، 7بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں پولیو کی بڑھتی شرح پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاق اور صوبوں کو پولیو کیخلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پولیو

مزید : صفحہ آخر