ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،برفباری،سردی بڑھ گئی،حادثات میں 7افراد جاں بحق

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،برفباری،سردی بڑھ گئی،حادثات میں 7افراد جاں بحق

  



اسلام آباد(سٹاف ر پورٹر)ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شمالی علاقہ جات میں 4انچ تک برف باری ہوئی   جبکہ مختلف حادثات و واقعات میں 7افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز پر ہی بالائی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ گئی، بالاکوٹ و گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، وادی کاغان میں برفباری کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے اور نارا ن، کاغان، جھیل سیف الملوک پرمزید چار انچ تک برفباری ہوچکی ہے۔ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک اورتیزہواں کیساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ برقرار ہے اور درجہ حرارت 4 ڈگری تک گرگیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارش اورژالہ باری کاسلسلہ اگلے 24گھنٹے جار ی رہے گا۔سوہاوہ شہر و گردونواح میں گرج چمک کیساتھ بارش جاری ہے جس سے خنکی میں اضافہ ہوگیا اورتیز ہواں کیساتھ بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی۔لوئر کوہستان کی علاقوں پٹن، دوبیر، کیال، ججال اور بنکڈ میں بھی دو روز سے بارش کا سلسلہ برقرار ہے جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔دوسری جانب ہٹیاں بالا میں سڑک خراب ہونے کے باعث جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ داکھن اور ریشیاں کے درمیان شیڑگلی کے مقام پرپیش آیا، حادثے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ادھر شہدادکوٹ میں بارش کے باعث کالو فقیر محلہ میں گھر کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹی دب کر جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں مریم خاتون اور ان کی 6سالہ بیٹی سمیرہ مگسی شامل ہے۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی مطلع ابرآلود ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا ہے۔جمعہ کی صبح کورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، اورنگی ٹان، گولیمار، سائٹ ایریا، شاہراہ فیصل، بلوچ کالونی، محمودآباد اور منظور کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بونداباندی ہوئی۔

بارش 

مزید : صفحہ آخر