مال روڈ پر پی ایل آر اے ملازمین اور نابیناؤں کا دھرنا جاری،ٹریفک کا نظام درہم برہم

مال روڈ پر پی ایل آر اے ملازمین اور نابیناؤں کا دھرنا جاری،ٹریفک کا نظام ...

  



لاہور(این این آئی)مال روڈ پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین اورنا بیناافراد کا دھرنا بالترتیب 5ویں اور12ویں روزبھی جاری رہا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثررہا، نابیناافراد اور مانیٹرنگ کمیٹی کے درمیان ڈیڈ لاک کی صورتحال بر قرار ہے۔  تفصیلات کے مطابق نا بینا افراد نے مسلسل 12ویں روزبھی ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے کلب چوک مال روڈ پر دھرناجاری رکھا۔ مال روڈ کا ایک حصہ دونوں طرف سے بندہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا اورشہری ٹریفک جام کی وجہ سے حکومت کو کوستے رہے۔نا بینا افراد تعلیمی قابلیت کے مطابق نوکریاں دینے تک احتجاج ختم نہ کرنے کے اعلان پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا۔ مظاہرین نے دوپہر کے وقت پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے بند رکھا اور دھرنا دے کراپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ مال روڈ کا ایک حصہ او رچیئرنگ کراس کی طرف آنے والی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا شدید رش رہااورگاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔ پولیس کی جانب سے مال روڈ پر دھرنوں کے شرکاء کی سکیورٹی کیلئے ان کے گرد حصار قائم کر رکھاہے۔

مال روڈ / دھرنا

مزید : صفحہ آخر