پنجاب مینارٹی پیکیج مثالی پروگرام ثابت ہوگا:عثمان بزدار

پنجاب مینارٹی پیکیج مثالی پروگرام ثابت ہوگا:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردا رعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور سہولتوں کے حوالے سے پنجاب کو مثالی صوبہ بنا رہے ہیں اور پنجاب مینارٹی پیکیج اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے مثالی پروگرام ثابت ہوگا، یوحنا آباد کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل علاقہ بنایا جا ئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،وفد میں رکن قومی اسمبلی رمیش کماراور ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ شامل تھے۔ملاقات میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح وبہبود اورانہیں سہولتیں مہیا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر صوبہ بھر میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اقلیتوں کے امور کو بلاتاخیر حل کرنے کیلئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو مذہبی ایام پر سرکاری تعطیل دی جائے گی،اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ روپے کے تعلیمی سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں جبکہ پوسٹ گریجوایشن اور ریسرچ سکالرز اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ کے سکالرشپ دینگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی امیدواروں کو مذہبی ایام کے دوران مقابلے کے امتحانات سے مستثنیٰ قراردینے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں اقلیتوں کیلئے مخصوص اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جا رہا ہے اورپولیس افسران خودگرجا گھروں کی سکیورٹی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پہلی مرتبہ اقلیتی برداری کو دہری ووٹنگ کا صوبہ پنجاب کا قابل تقلید اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 6 چیمبر ز آف کامرس کے اشتراک سے اقلیتی طلبہ کو سکالرشپ پر ٹیکنیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے۔اقلیتی قیدیوں کو متعلقہ مذہبی کتاب پڑھنے پر قید میں رعایت دی جائے گی۔ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔لیورٹرانسپلانٹ اور بون میروکے امراض میں مبتلاچار مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 1کروڑ روپے سے زائد کے فنڈزجاری کردیئے گئے۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ایک عبادت ہے اورجہاں تک ممکن ہوامستحق مریضوں کے علاج کیلئے تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور کے علاقہ گڑھی شاہو کے رہائشی 19 سالہ نوجوان حمزہ کی بیماری کے حوالے سے میڈیاپر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت حمزہ کی بیماری کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی اور علاج معالجے کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سینئر صحافی اطہر مسعود کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔مزید برآں تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول