کابینہ کمیٹی،ایس ایم ای بینک کی نجکاری منظور،فہرست سے 17اداروں کو نکالنے کی درخواست مسترد

  کابینہ کمیٹی،ایس ایم ای بینک کی نجکاری منظور،فہرست سے 17اداروں کو نکالنے ...

  



اسلام آباد (سٹاف ر پورٹر)کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کی منظوری دیتے ہوئے 17 اداروں کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کی درخواست رد کر دی۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت گزشتہ روز کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے ایس ایم ای بینک کی نجکاری کرنے کی منظوری دے دی۔ جاری اعلامیہ میں کہاگیاکہ کمیٹی نے 17 اداروں کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کی درخواست مستردکر دی،نجکاری کمیشن کو پی آئی اے کی نجکاری کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے پی آئی اے کے نیویارک اور پیرس میں ہوٹلوں کی فروخت پر ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دے دی، اعلامیہ میں کہاگیا کہ پی آئی اے کے ہوٹلوں کی فروخت کیلئے ٹاسک فورس کے سربراہ وزیر نجکاری محمد میاں سومرو مقرر کر دیئے گئے،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کمیٹی میں ممبر مقرر کر دیئے گئے۔کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی آئی اے انتظامیہ سے روزویلٹ ہوٹل سے بہترین منافع لینے کیلئے کی گئی سٹڈی رپورٹ پر بریفنگ کی ہدایت کر دی۔ مشیر خزانہ نے ٹوئٹ کیاکہ حکومت نے 310 میگا واٹ ونڈ پاور بجلی کی خریداری کیلئے چھ کمپنیوں سے معاہدے کر لیے،عالمی بینک اور آئی ایف سی ان پاور پلانٹس کیلئے 45 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرے گا۔

کابینہ کمیٹی نجکاری

مزید : صفحہ اول