چھوٹے ترقیاتی منصوبوں سے معاشرے میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے:شہرام ترکئی

چھوٹے ترقیاتی منصوبوں سے معاشرے میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے:شہرام ترکئی

  



صوابی (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے ترقیاتی منصوبوں سے بھی معاشرے میں بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام، دورافتادہ اور ترقی سے محروم دیہاتوں میں ترقی کی نئی راہیں ہموار کر رہا ہے۔ شہرام خان ترکئی نے ان خیالات کا اظہار ضلع صوابی میں سی ڈی ایل ڈی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکومت خیبرپختونخوا نے یورپی یونین کے تعاون سے ضلع صوابی میں اس پروگرام کے تحت 160 چھوٹے کمیونٹی پراجیکٹس کے لیے 20 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کر رکھے ہیں۔ تحصیل رزڑ میں منعقدہ تقریب میں سی ڈی ایل پروگرام کے تحت 56 کمیونٹی پراجیکٹس کے لیے 5 کروڑ 30 لاکھ کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ اس تقریب میں سی ڈی ایل ڈی کے ٹیم لیڈر ندیم بشیر، ڈپٹی کمشنر صوابی شاہد محمود، ڈی پی صوابی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی سی صوابی کا کہنا تھا کہ ضلع صوابی کے لیے مندرجہ بالا 160 منصوبوں کے علاوہ 5کروڑ 70 لاکھ کے مزید 66 کمیونٹی منصوبے بھی زیر غور ہیں جو کہ دیہاتوں اور قصبوں میں رہائش پذیر لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ سی ڈی ایل ڈی پروگرام ترقی سے محروم اور دورافتادہ علاقوں میں نچلی سطح پر ترقی لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جو کہ خوش آئندہ ہے اور اسی لیے اس پروگرام کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی گئی ہے۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ کمیونٹی پراجیکٹس سے بڑی تبدیلی لائی جا سکتی ہے کیونکہ ان سے عام آدمی براہِ راست مستفید ہوتا ہے اور اسے اپنے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر بلدیات نے تحصیل رزڑ میں سی ڈی ایل ڈی پروگرام کے تحت چھوٹے کمیونٹی پراجیکٹس حاصل کرنے والوں میں چیکس بھی تقسیم کیے

مزید : صفحہ اول /پشاورصفحہ آخر