انضمام کے نام پر قبائلی عوام کے ساتھ دھوکہ ہوا:ٓرشد بختیار خان

 انضمام کے نام پر قبائلی عوام کے ساتھ دھوکہ ہوا:ٓرشد بختیار خان

  



مہمند (نمائندہ پاکستان)مہمند، صوبائی اسمبلی سے معدنیات ترمیمی بل عجلت اور غیر قانونی طریقے سے پاس کیا گیا۔ بل قبائلی عوام کو قابل قبول نہیں۔ انضمام کے نام پر قبائلی عوام کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ارشد بختیار خان، جنگریز خان، فضل ہادی خان، شاہسوار مہمند اور ارشد خان لالا نے کہا کہ موجودہ حکومت فاٹا انضمام کی صورت میں قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کر رہی ہے۔ غیر ضروری اور قبائلی عوام کے نقصان میں فیصلے پہلے شروع کئے اور جن باتوں او ر فیصلوں سے قبائلی علاقوں میں ترقی کی نئی راہیں کھول رہے ہیں اُس طرف حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی سے معدنیات ترمیمی بل عجلت اور غیر قانونی طریقے سے پاس کرنے کا شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پیپلز پارٹی اس کے خلاف بھر پور مداخلت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بل قبائلی عوام کو بالکل منظور نہیں ہے۔ اس بل کے ذریعے قبائلیوں کا گلہ گھونٹا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس بل کو تحریک انصاف کے سرمایہ دار رہنماؤں کے فائدے کیلئے پاس کیا گیا ہے۔ انضمام کے وقت قبائلی عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تعلیم، صحت، مواصلات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے جو وعدے کئے گئے تھے اُس میں ایک بھی پورا نہیں کیا گیا ہے۔ این ایف سی ایوارڈ میں مختص 3 فیصد کا وعدہ پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی مہمند کے رہنماؤں نے آئندہ حکومت کے خلاف قبائلی عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھر پور آواز اُٹھانے کا اعلان کیا

مزید : صفحہ اول /پشاورصفحہ آخر