علامہ اقبالؒکا پیغام دنیا بھر میں پھیل چکا،نادیہ اشرف
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) پرنسپل نادیہ اشرف نے کہا ہے کہ علامہ اقبال شاعر مشرق تھے مگر ان کا پیغام دنیا بھر میں پھیل چکا ہے اور ان کے روح پرور خیالات پوری دنیا کے انسانوں اور شاہین صفت بچوں کے لیے مشعل راہ ہیں لہٰذا دور جدید کی نوجوان نسل کو بھی فکر اقبال پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے وہ مفکر پاکستان علامہ اقبال کے 142ویں یوم ولادت کے موقع پر گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کے ڈی اے میں منعقدہ اقبال ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خواب دیکھنے والے عظیم فلسفی شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے افکار پر عمل کریں اور نوجوان انتھک محنت کر کے اس ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں کہ ہماری نوجوان نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں وہ قوم کا مستقبل اور وطن کا فخر ہیں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام پرنسپل نادیہ اشرف کی سربراہی میں اردو اسسٹنٹ پروفیسر مس سفینہ نے کیا تھا اس موقع پر تھرڈ ائیر کی طالبہ سعیدہ گلزار نے تلاوت اور فرسٹ ائیر کی طالبہ مہوش رشید نے شان حضور میں گلہائے عقیدت پیش کیے سیکنڈ ائیر کی طالبات نے سلام ٹیچر ڈے کے حوالے سے ٹیبلو پیش کیا علامہ اقبال کی شخصیت کے موضوع پر اردو اور انگریزی تقریری مقابلے بھی ہوئے اردو تقریب میں سیکنڈ ائیر کی فاطمہ‘ فورتھ ائیر کی عائشہ‘ فرسٹ ائیر کی حسینہ اور سیکنڈ ائیر کی انعم اور لبنیٰ نے حصہ لیا سیکنڈ ائیر کی طالبہ شمسہ نے کلام اقبال پیش کیا انگریزی تقریر میں فورتھ ائیر کی شروین‘ فرسٹ ائیر کی لائبہ‘ بشریٰ‘ فائریہ‘ وردہ‘ ندا‘ ہدنا اور خیمین نے اپنے فن خطابت کے جوہر دکھائے منعقدہ کوئز مقابلوں میں ٹیم سی فورتھ ائیر کی طالبات نے فرسٹ پوزیشن حاصل کی اس موقع پر طالبہ شمسہ نے ملی نغمہ پیش کیا اور تقریب کا اختتام قومی ترانے سے کیا گیا۔