حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے:شکیل ایڈووکیٹ

حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے:شکیل ایڈووکیٹ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ ملازمین کی ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر منتخب اراکین ظفر خان یوسفزئی صدر،ملک شجاع سینئر نائب صدر،اقبال نور نائب صدر،شعیب آفریدی جنرل سیکرٹری،فیضان اللہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری،حیدر علی،فنانس سیکرٹری اور دیگر سے حلف لیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو ایسوسی ایشن کے عہدے داران نے سول سیکرٹریٹ کے ملازمین کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے سپاسنامہ پیش کیا۔صوبائی وزیر مال نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی کابینہ اپنے فرائض احسن طریقے سے ادا کرے گی اور اپنی صلاحیتوں کو اچھے انداز میں اپنے برادری کی خدمت کے لیے صرف کرے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سرکاری محکموں میں ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ نہیں کر رہی ہے اور اس ضمن میں ایسوسی ایشن کے مطالبات وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو پیش کریں گے اور کمیونٹی کے جائز مطالبات اور مسائل کے حل کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت سرکاری ملازم کے وفات پر اس کا بیٹا یا بیٹی کو ملازمت دی جائے گی اور اس کے لیے صوبائی رولز موجود ہیں جس کے تحت تمام ملازمین کے لئے سن کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ حکومت سیکرٹریٹ ملازمین کے لیے سیکٹریٹ الاؤنس کا جو اعلان کیا تھا اس پر عمل درآمد ہوگا اوروہ خود اس معاملے کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے نوٹس میں لائیں گے۔اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان نے بھی نومنتخب اراکین کو مبارک دیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر چھوڑی نہیں جائے گی اور ان کو درپیش جائزمسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول /پشاورصفحہ آخر