محکمہ موسمیات نے فی الحال کراچی میں بارش کے امکان کو رد کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات نے فی الحال کراچی میں بارش کے امکان کو رد کردیا،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،کراچی میں سرد ہوائیں چلنے سے شہر میں سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق ایران سے آنے والے سسٹم سے اندرون سندھ اور بلوچستان میں اچھی بارش ہوئی، بارش برسانے والے ایک دو اور سسٹم آنے کے امکان ہیں جو کہ جنوب شمالی علاقوں اور بلوچستان میں بارش برسائیں گے۔سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ صحرائی علاقوں سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس سے سمندری ہوائیں رک جاتی ہی اور یہ ایک غیر معمولی سرگرمی ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد سرد ہواوں کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا، ڈیفنس، کلفٹن، شارع فیصل، گلشن اقبال، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، کھارادر، صدر، لانڈھی اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے۔