مکی آرتھر نئی ’نوکری‘ کیلئے تیار، کس ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے جا رہے ہیں؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے سری لنکا کیساتھ وابستہ ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں اور کرکٹ سری لنکا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے انہیں ذمہ داریاں سونپنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیش رتنائیکے اس وقت سری لنکن ٹیم کیساتھ عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں تاہم دسمبر میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کے دوران مکی آرتھر ابتدائی طور پر کنسلٹنٹ کوچ کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے اور بعد ازاں عبوری کوچ کی جگہ ان کو مکمل اختیارات سونپ دیئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کی سری لنکن ٹیم کے بطور ہیڈ کوچ تعیناتی ٹی 20 ورلڈکپ 2021 ءتک کی جائے گی جس کے بعد ان کے معاہدے میں توسیع یا پھر ان کی جگہ نئے ہیڈ کوچ کی تعیناتی سے متعلق فیصلہ ہو گا۔
یاد رہے کہ مکی آرتھر کا نیوزی لینڈ کی سپر سمیش ٹی 20 لیگ کی فرنچائزسینٹرل سٹیج کیساتھ معاہدہ چند روز قبل ہی ہوا تھا، اگر کرکٹ سری لنکا نے ان کی خدمات حاصل کر لیں تو انہیں یہ کنٹریکٹ ختم کرنا پڑے گا۔