”محمد عباس بڑا ہی سمارٹ باؤلر ہے اور۔۔۔“ وقار یونس نے آسٹریلیا کو خبردار کر دیا

”محمد عباس بڑا ہی سمارٹ باؤلر ہے اور۔۔۔“ وقار یونس نے آسٹریلیا کو خبردار کر ...
”محمد عباس بڑا ہی سمارٹ باؤلر ہے اور۔۔۔“ وقار یونس نے آسٹریلیا کو خبردار کر دیا

  



پرتھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے پاکستانی فاسٹ باﺅلر محمد عباس کو سمارٹ باﺅلر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ درست جگہ پر گیندیں کرتے ہوئے بخوبی جانتا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے، عباس کو باﺅلنگ کرتے دیکھ کر گلین میک گرا کی یاد آ جاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بریڈمین فاؤنڈیشن کی جانب سے اعزاز کے حصول کیلئے سجائی جانے والی تقریب میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ماضی میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں باﺅلنگ کرتے ہوئے محمد عباس بھرپور فارم میں تھا لیکن وہ وکٹیں یکسر مختلف تھیں لہٰذا امید ہے کہ وہ خود کو ماحول سے جلد ہی ہم آہنگ کر لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دانت میں تکلیف کے سبب اسے آسٹریلیا اے کیخلاف تین روزہ میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن اب اس سے دو روزہ میچ میں بہترین کارکردگی کی توقع ہے۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے باﺅلرز کو وہی ہدایات دی ہیں جو کہ وہ عام طور پر دیتے ہیں کہ کامیابی خود نہیں ملتی بلکہ جان مارنی پڑتی ہے لہٰذا وہ پوری محنت کے ساتھ باﺅلنگ کریں اور اپنی فٹنس کا خیال بھی رکھیں کیونکہ یہ بھی ایک انتہائی ضروری پہلو ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان جونیئر نے ٹور میچ میں پانچ وکٹیں لے کر خود کو پہلے ٹیسٹ کا مضبوط امیدوار بنا لیا ہے تاہم ان کے پاس محمد موسیٰ اور نسیم شاہ جیسے نوجوان فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ لیگ سپنر یاسر شاہ بھی موجود ہیں جن کی جانب سے اچھے کم بیک کی توقع ہے جو گزشتہ بار آسٹریلیا کے دورے میں بہت اچھی کارکردگی پیش نہیں کر سکے تھے۔ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کا فاتح بن کر وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔

مزید : کھیل