نواز شریف کی بیرون ملک روانگی، لاہور ہائیکورٹ نے اپنا ڈرافٹ پیش کردیا، کیا تجویز دی ؟ متن سامنے آگیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بلا مشروط بیرون ملک جانے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے ڈرافٹ پیش کردیا ہے۔
متن کے مطابق عدالت نے نئے بیان حلفی میں نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے 4 ہفتوں کا وقت دیا ہے، اگر نواز شریف کی صحت بہتر نہیں ہوتی تو اس مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ عدالت کے ڈرافٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتی نمائندہ سفارتخانے کے ذریعے نواز شریف سے رابطہ کرے گا۔
عدالت کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور شہباز شریف کو اپنا ڈرافٹ پیش کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالتی ڈرافٹ منظوری کیلئے وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا ڈرافٹ ن لیگ جبکہ ن لیگ کا ڈرافٹ وفاقی حکومت نے مسترد کردیا تھا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے خود تیار کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔