”پی ایس ایل 5 کیلئے اگر لاہور قلندرز نے مجھے منتخب کیا تو۔۔۔“ ڈیوڈ ملان نے اعلان کر دیا

”پی ایس ایل 5 کیلئے اگر لاہور قلندرز نے مجھے منتخب کیا تو۔۔۔“ ڈیوڈ ملان نے ...
”پی ایس ایل 5 کیلئے اگر لاہور قلندرز نے مجھے منتخب کیا تو۔۔۔“ ڈیوڈ ملان نے اعلان کر دیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انگلینڈ کے کرکٹر ڈیوڈ ملان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں اگر لاہور قلندرز ان کا انتخاب کرتی ہے تو یہ ایک اعزاز ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل آئندہ برس فروری میں مکمل طور پر پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی اور اس کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ڈرافٹس آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہوں گے۔ڈیوڈ ملان ابو ظہبی ٹی 10 لیگ میں قلندرز کی قیادت کر رہے ہیں جسے انہوں نے دوستانہ ماحول والی ایک اچھی فرنچائز قرار دیا ہے۔

ڈیوڈ ملان کا کہنا ہے کہ ٹی 10 لیگ کا تجربہ شاندار ہے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی نہ ملنے پر قلندرز کو کافی نقصان ہوا تاہم ٹیم میں اب بھی اچھے کھلاڑی ہیں اور ایونٹ میں اچھا کھیل کر فائنل مرحلے میں ضرور پہنچیں گے، شاہد آفریدی اور عماد وسیم جیسے کرکٹرز ان کنڈیشنز اور فارمیٹ کے بہترین ہیں۔

ڈیوڈ ملان نے ٹی 10 کرکٹ کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے کرکٹ کو فروغ ملے گا۔ ٹی ٹین میں کچھ اندازہ نہیں ہوتا کہ کیا ہو جائے کیونکہ ایک کھلاڑی کے غیر معمولی کھیل کی وجہ سے میچ کا پانسہ پلٹ جاتا ہے۔

ڈیوڈ ملان پہلے تین ایڈیشنز میں پی ایس ایل کا مسلسل حصہ رہے اور 2017ءمیں فاتح پشاور زلمی کی بھی حصہ تھے جن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں آپ کو ایسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملتا ہے جن کے تجربے سے آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں جبکہ کنڈیشنز کا بہت مزہ آتا ہے۔

ڈیوڈ ملان نے کہا کہ لاہور قلندرز کی طرف سے مجھے کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہو گی۔پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کہ خدشات تو ہمیشہ رہتے ہیں لیکن سیکورٹی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بہت کام کیا ہے، امید کرتا ہوں کہ کامیاب طریقے سے پی ایس ایل کے تمام میچز کا پاکستان میں انعقاد ہو گا۔

مزید : کھیل