کیا بابراعظم کراچی کنگز کو چھوڑ کر لاہور قلندرز میں شامل ہو رہے ہیں؟ کرکٹ شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کی تیاریاں عروج پر ہیں جس کے ڈرافٹ کیلئے کھلاڑیوں کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ایس ایل کا ڈرافٹ 6 دسمبر کو منعقد ہو گا جبکہ اس سے قبل یکم دسمبر تک تمام فرنچائزز کو آٹھ کھلاڑی برقرار رکھنے یا دیگر ٹیموں سے کھلاڑیوں کے ردوبدل کا وقت دیا گیا ہے جبکہ یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم کراچی کنگز کو چھوڑ کر لاہور قلندرز کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ لاہور قلندرز کیلئے بہترین انتخاب ہو گا لیکن مداحوں کیلئے بری خبر یہ ہے کہ کراچی کنگز کے حکام نے ان خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں کوئی سچائی نہیں ہے اور بابراعظم پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں بھی کراچی کنگز کی جانب سے ہی ایکشن میں نظر آئیں گے۔