شیخ رشید نے زرداری اور فریال تالپور کے مستقبل کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کردی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ زرداری اور فریال تالپور کے معاملات بھی طے پا جائیں گے کیونکہ تمام لوگ پلی بارگینگ کی طرف جا رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے نیا سال عمران خان کی حکومت کیلئے اچھا ثابت ہو گا، حالات سیاست اور عمران خان کی حکومت کی بہتری کی طرف جارہے ہیں، عمران کی گڈ گورننس کی شروعات ہوچکی ہے۔
میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری کی سیاست ختم ہوچکی، نواز شریف کا جانا کوئی نئی بات نہیں پہلے ہی بتاچکا ہوں۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا غلط موسم میں شروع کیا گیا، مولانا کو کہا تھا کہ اسلام آباد کا موسم موافق نہیں مت آئیں، دھرنے میں صرف جے یو آئی ف کے کارکن تھے،دھرنے کے شرکا کی تعداد آہستہ آہستہ کم ہو کر نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کھایا پیا کچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے،مولانا کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے وہ عمران خان کی کاپی کرنے کی کوشش کررہے تھے مگر کامیاب نہیں ہوئے، مولانا نے واپس جاکر عقلمندی کا مظاہرہ کیا۔