لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آتے ہی وزارت داخلہ کے سینئر حکام چھٹی کے روز کہاں پہنچ گئے؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وزارت داخلہ میں چھٹی کے باوجود سینئر حکام موجود ہیں۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد چھٹی کے باوجود وزارت داخلہ کے سینئر حکام نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سلسلے میں دفتر پہنچ گئے ہیں۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وزارت داخلہ میں سینئر حکام کا اہم اجلاس جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کو لاہور ہائیکورٹ کے تحریری احکامات کا انتظار ہے، عدالتی فیصلے کی کاپی ملتے ہی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی کارروائی شروع کردی جائے گی۔
خیال رہے کہ عدالت عالیہ لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے اور کہا ہے کہ اگر علاج کے دوران وقت بڑھانے کی ضرورت پیش آئے تو اس میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔