نواز شریف کو ہوائی سفر کی تیاری کیلئے 48 گھنٹے درکار،ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شروع کر دی گئیں: مریم اورنگزیب

نواز شریف کو ہوائی سفر کی تیاری کیلئے 48 گھنٹے درکار،ہنگامی بنیادوں پر ...
نواز شریف کو ہوائی سفر کی تیاری کیلئے 48 گھنٹے درکار،ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شروع کر دی گئیں: مریم اورنگزیب

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو طویل ہوائی سفر کے لیے طبی طور پر تیار کرنے کے لیے ڈاکٹرز کو 48 گھنٹے درکار ہیں،ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شروع کر دی گئیں

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یرون ملک فضائی سفر کے دوران نواز شریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے، دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کے لیے ڈاکٹرز طبی احتیاطوں کی تیاری کے عمل میں ہیں،ڈاکٹرز اس اَمر کو یقینی بنانے کی تگ و دو میں ہیں کہ دوران سفر کسی ممکنہ ایسی طبی پیچیدگی سے بچا جاسکے جو نواز شریف کی زندگی کے لیے مہلک ثابت ہوسکتی ہو۔مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ ڈاکٹرز کی اولین کوشش نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لانا ہے جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں،آج قوم کے لیے ایک بہت بڑے سبق کا دن ہے کہ خیر کی توفیق صرف اللہ تعالی ہی عطا فرمانے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دل بڑے ہونے چاہئیں،حکومت کی جھوٹی ہمدردیاں قوم کے سامنے بے نقاب ہوگئیں، حکومت خاص طور پر ان 20 دنوں میں نواز شریف کے علاج کی راہ میں مسلسل بلاجواز روڑے اٹکاتی رہی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک طرف حکومت نواز شریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کرتی رہی اور دوسری جانب شرط بھی لگاتی رہی،حکومت نیسرکاری میڈیکل بورڈ کی نواز شریف کے بیرون ملک علاج کی سفارش کو نظر انداز کر کے شرط لگائی تھی۔

مزید : قومی